23 مارچ قوموں کو جوڑنے کا دن ہے توڑنے کا نہیں: وفاقی وزیرفواد چودھری کا پی ڈی ایم مارچ کے اعلان پر ردعمل
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ 23 مارچ (یوم پاکستان) قوموں کو جوڑنے کا دن ہے توڑنے کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے پہلے بھی ایسی تاریخیں دے کر پھر بدلتے رہے ہیں۔ پی ڈی ایم کی جانب سے مارچ کے اعلان پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا دن ہے۔پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دینے والا کوئی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی ساری کوششیں دوبارہ سسٹم میں داخل ہونے کے لیے ہیں۔ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن قرار داد پاکستان کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ احتجاج کے لیے مناسب نہیں ہے۔