سیکرٹریٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کے زیر تربیت افسران کا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ
سیکرٹریٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کے زیر تربیت افسران نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا۔ وفد میں 53 زیرتربیت افسران سمیت 5 اساتذہ شامل تھے۔اس موقع پرچیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان نے وفد کو سیف سٹیز کی ورکنگ اور کارکردگی بارے بریفنگ دی۔چیف آپریٹنگ آفیسر محمد کامران خان وفد کو بتایا کہ اب تک 12 ہزار سے زائد کیسز میں فورنزک ایویڈنس کی بدولت عدالت کی معاونت کر چکے ہیں۔سیف سٹیز کے انٹیگریٹڈ سسٹم کی بدولت پولیس رسپانس ٹائم میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔ماڈرن پولیسنگ کی مدد سے جرائم کی سرکوبی ہوئی اور ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے۔ وفد کے شرکاء نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی پاکستان میں سیف سٹی منصوبوں کے حوالے سے ایک رول ماڈل ہے۔پاکستان بھر میں جدید ٹیکنالوجی کے حامل سیف سٹی منصوبوں کا جال بچھانا ہوگا۔زیر تربیت افسران کے وفد کو ایس پی محمد عاصم جسرا نے سیف سٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا۔افسران کو ایمرجنسی 15 سسٹم، انٹیلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے نظام بارے بھی بتایا گیا۔وفد میں شریک افسران کو جدید فرانزک ایوڈنس کی فراہمی، تفتیش میں شواہد کی اہمیت اور میڈیا مینجمنٹ سینٹر بارے بھی بریف کیا گیا۔