سائفر آڈیو لیک: لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی ایف آئی اے طلبی کا نوٹس معطل کردیا
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو سائفر آڈیو لیک معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کی جانب سے دیا گیا طلبی کا نوٹس معطل کردیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے سائفر آڈیو لیک تنازع کی تحقیقات کے سلسلے میں طلبی کے خلاف پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت عالیہ میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے نے عمران خان کے خلاف سائفر آڈیو لیک کی انکوائری شروع کردی ہے۔جسٹس اسجد گھرال نے پوچھا کہ کیا اس بات کی انکوائری کی گئی کہ سائفر آڈیو لیک کیسے ہوئی، جن لوگوں کا وہاں کنٹرول تھا کیا ان سے یہ تفتیش ہوئی کہ آڈیو لیک کیسے ہوئی۔
وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ وزیر اعظم آفس سے اڈیو لیک ہونا افسوس ناک ہے جبکہ ایف آئی اے نے انٹرنیٹ سے آڈیو اٹھا کر خود سے تفتیش شروع کر دی۔جسٹس اسجد گھرال نے ریمارکس دیے کہ پہلے تو آڈیو کا فرانزک ہونا چاہیے کہ وہ درست بھی ہے یا نہیں، کیا آڈیو لیک میں اور بھی لوگوں کے خلاف انکوائری ہوئی ہے۔