آزاد میڈیا کسی بھی جمہوری نظام کا ایک اہم ستون ہے: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت اور آزاد میڈیا ایک دوسرے کو تقویت دیتے ہوئے ساتھ چلتے ہیں، آزاد میڈیا کسی بھی جمہوری نظام کا ایک اہم ستون ہے اور مارشل لا کے 33 سال اور تلخ تاریخ کے باوجود پاکستان جمہوریہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔اسلام آباد میں سیفٹی جرنلسٹ فورم کے تحت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس ملک میں آزادی اظہار رائے سول سوسائٹی، صحافیوں، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ معاشرے کے دیگر اہم طبقات کے دل کے بہت قریب رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کینیا میں معروف صحافی ارشد شریف کا قتل انتہائی افسوس ناک ہے جس پر میں نے فوری کینیا کے صدر سے خود بات کی تھی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی کینیا کے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کیا اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اس پر فوری کارروائی کا پابند کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے چیف جسٹس آف پاکستان کو کمیشن تشکیل دینے کے لیے خط لکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں تسلیم کرتا ہوں کہ پاکستانی جرنلسٹس سیفٹی کولیشن کا مقصد صحافیوں کی حفاظت، تحفظ اور ان کی ذمہ داری کو فروغ دینا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت اور آزاد میڈیا ایک دوسرے کو تقویت دیتے ہیں اور ساتھ ساتھ چلتے ہیں، پاکستان میں 33 سال مارشل لا رہا لیکن گھٹن اور تلخ تاریخ کے باوجود پاکستان جمہوریہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔