دنیا کے سرد ترین شہر کا درجہ حرارت منفی 58 ڈگری تک گرگیا
روس کے علاقے سائبیریا کو شدید سرد ہواؤں نےلپیٹ میں لے لیا ہے ، شہر یاکوتسک میں درجہ حررت نقطہ انجمد سے اٹھاون ڈگری نیچے چلا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت منفی سڑسٹھ ہوگا، یہ دنیا کا سرد ترین مقام ہے، ویسے تو اس شہر میں منفی چالیس ڈگری معمول کی بات ہے لیکن زمین کے سرد ترین شہر یاکوتسک میں رواں موسم سرما غیر معمولی ثابت ہو رہا ہے۔ اس طویل سردی کی لہر کے نتیجے میں اس ہفتے درجہ حرارت منفی اٹھاون ڈگری سیلسیس تک گر گیا، جس نے ہر شے کو جما کر رکھ دیا۔ اس کے باوجود اس شہر کی گلیاں آباد اور بازار پُررونق ہیں، صبح صبح شہریوں کو ٹھٹھرتے ہوئے کام پر جاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ یاکوتسک کے باسیوں نے یہ کلیہ سچ ثابت کردیا کہ انسان خود کو ماحول کے مطابق ڈھالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور خود کو درجہ حرارت کے مطابق ڈھال لیتا ہے۔