پاکستان نے انگلینڈ کو دبئی ٹیسٹ میں اکہتر رنز سے شکست دیکر تاریخ کا پہلا وائٹ واش کردیا۔

دبئی ٹیسٹ کے چوتھے روز تین سو چوبیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز چھتیس رنز سے دوبارہ شروع کی تو اسے جیتنے کے لئے مزید دو سو اٹھاسی رنز کی ضرورت تھی۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ اڑتالیس رنز کے مجموعے پر گری جب کپتان اینڈریو اسٹراس چھبیس رنز بنا کر عبدالرحمان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ جوناتھن ٹروٹ اور کیون پیٹرسن اٹھارہ ، اٹھارہ رنز بنا کر سعید اجمل کا شکار بنے۔ سعید اجمل کے تیسرے شکار ایلسٹر کک نے انچاس رنز کی اننگز کھیلی۔ عمر گل نے ذمہ دارانہ بالنگ کرتے ہوئے این بیل اور ایوئن مورگن کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بیل دس اور مورگن اکتیس رنز بناسکے۔ چائے کے وقفے کے بعد عمر گل نے ایک بار عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اسٹورٹ براڈ اور گریم سوان کو میدان بدر کیا جبکہ سعید اجمل نے جیمز اینڈرسن کو پویلین واپس بھیجا۔ آخری وکٹ عبدالرحمان کے کھاتے میں آئی جنھوں نے مونٹی پنیسر کو آٹھ رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا جس کے ساتھ ہی پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اکہتر رنز سے تاریخی فتح حاصل کرلی۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے اور عمر گل نے چارچار اور عبدالرحمان نے دو کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ سعید اجمل اور عبدالرحمان نے مجموعی طور پر سات ، سات جبکہ عمر گل نے چھ وکٹیں حاصل کیں ۔