ایران کو جوہری طاقت نہیں بننے دیں گے،باراک اوباما. کسی پڑوسی کی سرزمین ایران پرحملے کیلئے استعمال ہوئی تو جوابی کارروائی کریں گے. حسین سلامی

امریکی ٹی وی کوایک انٹرویو میں باراک اوباما کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت دباؤ کا شکار ہے اور وہ امریکہ پرحملے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل ایران پر حملے کا نہیں سوچ رہا تاہم ایران کے حوالے سے اسکے خدشات درست ہیں۔ اوباما نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے لئے تمام وسائل کوبروئے کارلایا جائے گا۔ اوباما نے کہا کہ ابھی تک اسرائیل نے ایران پرحملے کا فیصلہ نہیں کیا۔ دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب فوج کے ڈپٹی چیف حسین سلامی نے کہا ہے کہ ایران کیخلاف جارحیت کیلئے کسی بھی قسم کی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اوراگر دشمن نے ایران کے نزدیک کسی پڑوسی ملک کی زمین استعمال کی تو اس ملک پر بھی حملہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایران کی پاسداران انقلاب گارڈ کی جانب سے چھوٹے پیمانے پردوروزہ فوجی مشقیں جاری ہیں۔