جنوری 2018ءکے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں غیرملکی سرمایہ کاروں نے سب سے زیادہ سرمایہ کاری کی

06 فروری 2018 (11:24)

جنوری 2018ءکے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں سرمایہ کاری کے ذریعے مختلف کمپنیوں کے 25.702 ملین ڈالر مالیت کے حصص خریدے ہیں۔ نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (این سی سی پی ایل) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں سال 2018ءکے پہلے ماہ جنوری کے دوران سٹاک مارکیٹ میں کی جانے والی غیرملکی سرمایہ کاری گذشتہ 46 ماہ میں کی جانے والی سب سے زیادہ غیرملکی سرمایہ کاری ہے۔ این سی سی پی ایل کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2017ءکے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے 6.628 ملین ڈالر کے منافع جات اپنے ممالک کو منتقل کئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال 2017ءکے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے مجموعی طور پر 487.114 ملین ڈالر کے منافع جات اپنے اپنے ممالک کو منتقل کئے تھے۔ سٹاک مارکیٹ میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے ملک میں اقتصادی و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کی عکاسی ہوتی ہے۔