سعودی عرب میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر معاشرے کی خدمت اور مریضوں کی دیکھ بھال کی سزا
سعودی عرب میں ٹریفک خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے لئے متبادل سزائیں مقرر کر نے کے لئے ادارہ امور صحت کے ساتھ معاہدہ کر لیا گیا۔ عکاظ اخبار کے مطابق سعودی عرب کے شہر تبوک میں ادارہ ٹریفک پولیس اور ریجنل ادارہ امور صحت کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے ۔ معاہدے کے مطابق ٹریفک خلاف ورزیوں کے مرتکب گرفتار افراد کو اس امر کا پابند بنایا جائے گا کہ وہ حادثات کے سبب ہسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں کی خدمت کریں۔ پولیس ڈائریکٹر کرنل محمد العتیق کا کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی مقصد معاشرے میں سلامتی کے اصولوں کو اجاگر کرنا اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کروانا ہے ۔ قوانین کا مقصد لوگوں کی جان و مال کو محفوظ بنانا اور انہیں سنگین حادثات سے محفوظ رکھنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قوانین سب کے لئے یکساں ہوتے ہیں ان پر عمل کرنا ہرایک کی ذمہ داری ہے۔