بھارت وحشیانہ مظالم کےذریعےنہتےکشمیریوں کی آوازکودبانےمیں بری طرح ناکام ہوگیاہے:ڈاکٹرفردوس
اطلاعات ونشریات کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہےکہ بھارت وحشیانہ مظالم کے ذریعے بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کی آزادی کی آواز دبانے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔ آج میرپور میں صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیری عوام کے پیدائشی حق خودارادیت کو حقیقت میں بدلنے کےلئے ان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کونے کونے میں صرف یہ آواز گونج رہی ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم آج میرپور میں اپنے خطاب میں بھارت کے منفی پروپیگنڈے کو ناکام بنانے اور پورے عزم اور لگن کے ساتھ اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے پر بہادر کشمیری عوام کو زبردست خراج عقیدت پیش کریں گے۔