صرف آزاد کشمیر نہیں ،سارا پاکستان مقبوضہ کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے: وزیر اعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مودی نے کہا کہ 11دن میں پاکستان فتح کر لوں گا،لگتا ہے مودی نے تاریخ نہیں پڑھی،اس کی ڈگری جعلی تھی۔ میرپور میں یکجہتی کشمیرریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مودی نے5اگست کو تکبر میں قدم اٹھایا ہے،تکبر میں انسان حماقت کرتا ہے،وہ حماقت مودی نے کی،ایمان سے کہتاہوں انشااللہ اب کشمیر آزاد ہو گا،5اگست سے پہلے دنیا کشمیر کو بھول چکی تھی،پاکستان کے سربراہ کشمیر کا نام نہیں لیتے تھے،پاکستان کے مسلم ممالک دوست بھی کشمیر کی بات نہیں کرتے تھے،بھارت کہتا ہے کہ یہ ہمارا اندرونی مسئلہ ہے، صرف آزاد کشمیر نہیں بلکہ سارا پاکستان مقبوضہ کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے، ایمان سے کہتاہوں انشااللہ اب کشمیر آزاد ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بالاکوٹ میں مودی نے ہمارے درخت شہید کیے،درخت گرانے سے مجھے خاص تکلیف ہوئی،مودی کہہ رہا تھا کہ ہم نے پاکستان کے 2جہاز گرا دیے،ہم نے ان کا بڑی بڑی مونچھوں والا پائلٹ ان کو واپس کر دیا،80لاکھ کشمیری مشکل ترین امتحان سے گزر رہے ہیں،مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو پیغام ہے کہ ان کے لیے اچھا وقت آنے والا ہے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مود ی نے الیکشن جیت کرسوچا کشمیر میں آر ایس ایس کا نظریہ لاگو کروں،مودی نے اپنی طرف سے مسئلہ کشمیر ہی ختم کر دیا،کشمیر مودی کی حماقت سے انٹرنیشنلائز ہوا،مسئلہ کشمیر 6ماہ میں 3بار یو این میں زیربحث آیا،جانتاہوں کشمیریوں پر ظلم ہورہا ہے وہ مشکل وقت سےگزر رہے ہیں،ہماری دعائیں کشمیریوں کے ساتھ ہیں،وعدہ کیا تھا کشمیر کا سفیر بنوں گا،یہاں وزیراعظم نہیں،کشمیر کے سفیر کی حیثیت سے کھڑا ہوں،امریکی صدر سے 3بار مسئلہ کشمیر پر بات کی، کینیڈین، برطانوی وزیراعظم،فرانسیسی صدر،جرمن چانسلر سے بات کی،آج دنیا مسئلہ کشمیر اور آر ایس ایس کا نظریہ سمجھ چکی ہے،جس دن کرفیو اٹھے گا انسانوں کا سمندر نکلے گا،کرفیو اٹھنے پر آزادی کی آواز آئے گی،ایک لاکھ کشمیریوں نے آزادی کے لیے شہادت دی۔ انہوں نے مزید کہاکہ مودی کے پاس کھیلنے کے لیے کوئی کارڈ نہیں بچے گا، مودی نے کہا کہ 11دن میں پاکستان فتح کر لوں گا،لگتا ہے مودی نے تاریخ نہیں پڑھی،اس کی ڈگری جعلی تھی،دنیا کی 2 سب سے بڑی فوجیں روس کی سردی میں تباہ ہوئیں،دنیا کی طاقتور فوج 20سال سے افغانستان میں ہے،پاکستان کا بچہ بچہ آخری سانس تک لڑے گا،پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی، مودی کو بتا دینا چاہتا ہوں یہاں کوئی موت سے نہیں ڈرتا،شہریت قانون کے باعث مودی کے خلاف بھارتی عوام میں نفرت پھیل گئی،مودی غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاکستان پر حملہ کر کے بھارت کی توجہ ہٹا دے گا،مودی بھارتی آرمی چیف نے غلطی کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔