کراچی: تیز رفتار بس نے فٹ پاتھ پر کھڑے شہریوں کو روند ڈالا، 3 جاں بحق

کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جہاں تیز رفتار بس نے شہریوں کو کچل دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لانڈھی فیوچر موڑ کے قریب تیز رفتار بس فٹ پاتھ پر کھڑے شہریوں پر چڑھ گئی، حادثہ بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تیز رفتار بس مسافروں کو کچلتے ہوئے فٹ پاتھ سے ٹکرا کر الٹ گئی، حادثے میں تین افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوئے، حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ چار فروری کو بہاولپور میں باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا، حادثے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوا، واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے جائے حادثے پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔