حکومت امن قائم نہیں کر سکتی تو گھر چلی جائے: سراج الحق

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت فتوؤں کی بنیاد پر نہیں چلتی، علما کرام تو ہر جمعہ کو امن قائم کرنے کی بات کرتے ہیں، اگر حکومت امن قائم نہیں کر سکتی تو پھر گھر چلی جائے، قومی میڈیا نے پشاور دھماکے کے بجائے فواد چودھری کیس کو اہمیت دی، ان کی ترجیح ایک دوسرے کو ذلیل کرنا ہے قوم کو بچانا نہیں، معیشت اور امن اسلامی نظام کے بغیرٹھیک نہیں ہو سکتی۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حکومت اگلے کسی حادثے کا انتظار نہ کرے، خیبرپختونخوا کے لوگوں میں خوف وہراس ہے، صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز دکھائی نہیں دے رہی، ہماری ہمدردیاں خیبرپختونخوا کی غیرت مند پولیس کے ساتھ ہیں، آج پولیس اپنے آپ کو لاوارث سمجھ رہی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت کو خبردارکرتا ہوں آج لوگ جلسے، جلوس کر رہے ہیں اگر حکومت، فوج نے ذمہ داری پوری نہ کی تو احتجاجی جلسے ان کے محلات تک پہنچ سکتے ہیں، ہم چاہتے ہیں حکومت اپنی ذمہ داری پورے کرے، موجودہ حکومت کے آنے کے بعد خیبرپختونخوا کے حالات خراب ہوئے ہیں، قبائلی علاقوں کے انضمام کے بعد مزید بدامنی میں اضافہ ہوا، قبائلی اپنےآپ کو لاوارث سمجھ رہے ہیں۔