گوجرانوالہ میں برتن بنانے والی فیکٹری میں گیس سلنڈر کے دھماکے سے1 مزدور جاں بحق جبکہ 28 زخمی ہوگئے

گوجرانوالہ میں شیخوپورہ روڈ پر چینی کے برتن بنانے والے فیکٹری میں سلنڈر دھماکے سے فیکٹری کی عمارت منہدم ہوگئی۔ حادثے میں فیکٹری میں کام کرنیوالےمزدور ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کےبعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا۔ حکام کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ زخمیوں میں سے چھ مزدوروں کو تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس سے قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان ہوا جس کے بعد عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا ، حادثے کے وقت فیکٹری میں گیس سلنڈر کو ٹرک سے اتارا جا رہا تھا کہ سلنڈر ٹرک سے نیچے گر کر پھٹ گیا جس سے آگ کے شعلے بلند ہوئے جس کی لپیٹ میں آکر متعدد مزدور زخمی ہوئے جبکہ سلنڈر کو ٹرک سے نیچے اتارنے والا مزدور دھماکے کی لپیٹ میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ زیادہ تر مزدور فیکٹری کی گرنے والی چھت کے نیچے آکر زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے ،ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت فیکٹری میں چالیس سے پچاس مزدور کام کررہے تھے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔