پاک فضائیہ کے پہلے سربراہ ایئر مارشل ریٹائرڈ محمد اصغر خان کی نماز جنازہ نور خان ایئربیس پر ادا کردی گئی

پاک فضائیہ کے پہلے سربراہ اور بزرگ سیاست دان ایئر مارشل ریٹائرڈ محمد اصغر خان کی نماز جنازہ راولپنڈی کے نور خان ایئربیس پر ادا کردی گئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،وفاقی کابینہ کےاراکین نے نمازجنازہ میں شرکت کی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات،ایئرچیف سہیل امان،نیول چیف ظفر محمود عباسی بھی نمازجنازہ میں شریک ہوئے۔ پاک فضائیہ کے حاضر اور ریٹائرڈ افسران نے بھی ایئرمارشل ریٹائرڈ اصغر خان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ سے قبل پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستےنے اصغر خان مرحوم کو سلامی دی۔ ان کی میت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔ایئرمارشل ریٹائرڈ اصغر خان کے جسد خاکی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ان کے آبائی شہر ایبٹ آباد منتقل کردیا گیا جہاں نواں شہر کے آبائی قبرستان میں ان کی تدفین کی جائے گی۔
اصغرخان گزشتہ روزستانوے برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔