2018 کے الیکشن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ شاہد خاقان عباسی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کسی نے کرپشن کی سیاست کی اور کسی نے گالیوں کی سیاست کا وعدہ کیا ہے،( ن) لیگ کی حکومت نے توانائی کے مسائل آج کیلئے نہیں اگلے 15سال کیلئے بھی حل کر دیئے،2018 کے الیکشن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا،آر ایل این جی کے منصوبے کو دو سال سے بھی کم مدت میں مکمل کیا گیا،نوازشریف وہ لیڈر ہے جو صرف وعدے نہیں کرتا بلکہ کام کر کے دکھاتا ہے، جب( ن) لیگ کی حکومت آئی تو گیس اور توانائی کا بحران تھا، پاکستان ان بحرانوں کو حل کیے بغیر ترقی نہیں کر سکتا تھا لیکن (ن) لیگ نے توانائی کے مسائل آج کیلئے نہیں اگلے 15سال کیلئے بھی حل کر دیئے،کسی نے کرپشن کی سیاست کی اور کسی نے گالیوں کی سیاست کا وعدہ کیا ہے، جتنے گیس کے کنکشن دیے گئے ایک بھی سفارش پر نہیں دیا۔ہفتہ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر خصوصی طیارے کے ذریعہ رحیم یار خان پہنچے، جہاں انہوں نے بھونگ اور رحیم آباد کے درمیان سوئی گیس پریشر پلانٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے صنعت و پیداوار سردار ارشد خان لغاری، وزیرمملکتبرائے اطلاعات مریم اورنگزیب ،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ مخدوم خسرو بختیار، رکن قومی اسمبلی شیخ فیاض الدین،صوبائی وزیر برائے خصوصی تعلیم، چوہدری محمد شفیق انور، سابق وفاقی وزیر سردار رئیس منیر احمد و دیگر (ن) لیگی رہنماء بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آر ایل این جی کے منصوبے کو 2 سال سے بھی کم مدت میں مکمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی وسائل موجود تھے جنہیں بروئے کار نہیں لایا گیا۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ منصوبے پہلے نہیں لگ سکتے تھے؟شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ جب ن لیگ کی حکومت آئی تو گیس اور توانائی کا بحران تھا، پاکستان ان بحرانوں کو حل کیے بغیر ترقی نہیں کر سکتا تھا لیکن ن لیگ نے توانائی کے مسائل آج کیلئے نہیں اگلے 15سال کیلئے بھی حل کر دیئے۔شاہد خاقان عباس نے کہا کہ حکومت سنبھالی تو گیس سے چلنے والے بجلی کے کار خانے بند تھے، آج بجلی کے کارخانے بھی چل رہے ہیں اور گیس بھی آ رہی ہے، اضافی گیس مہیا کیے بغیر پاکستان کے مسائل حل نہیں ہو سکتے تھے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ منصوبے کے حوالے پاکستان کو ترقی دینے میں ایل این جی منصوبے کا بہت اہم کردار ہے جبکہ ایل این جی منصوبہ پاکستان کوترقی دینیاور توانائی مسائل کے حل میں انتہائی اہم ہے۔انہوں نے بتایا کہ آج پاکستان میں ریکارڈ مدت میں 1400 کلومیٹر لائن بچھائی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جس طرح یہ منصوبہ مکمل ہوا ملک کے دوسرے منصوبے بھی مکمل ہوں گے۔جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کیحکومت میں جنوبی پنجاب نے ترقی کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں جتنا کام ن لیگ نے کیا ساری جماعتوں نے مل کر بھی نہیں کیا ہوگا۔ پاکستان کی تاریخ میں 42 انچ قطر کی کوئی گیس پائپ لائن نہیں ڈالی گئی، نوازشریف وہ لیڈر ہے جو صرف وعدے نہیں کرتا بلکہ کام کر کے دکھاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا ماضی کی حکومتیں 15 سال میں اپنے دور کا کوئی ایک منصوبہ دکھا دیں، کیا یہ پمپنگ اسٹیشن پہلے نہیں بن سکتا تھا؟، کیا سارے منصوبے لانا (ن)لیگ کی ہی ذمہ داری ہے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جتنے گیس کے کنکشن دیے گئے ایک بھی سفارش پر نہیں دیا، آج ملک میں کوئی صنعت لگانی ہو یا کوئی کارخانہ آپ کو گیس میسر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم تمام منصوبے مکمل کریں گے، عوام کسی غلط فہمی میں نہ رہے، وعدے کرنے والے بہت ملیں گے لیکن (ن) لیگ کام اور خدمت کی سیاست کرتی ہے۔ 2013 میں حکومت آئی تو 1800 کلو میٹر موٹر وے تعمیر کرائی۔سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئی کرپشن کی سیاست کررہا ہے تو کوئی پگڑی اچھالنے کی جبکہ ہماری حکومت میں معیشت نے ترقی کی۔انہوں نے کہا کہ عوام جانتی ہے کہ ملک میں کون سی جماعت کام کرتی ہے اور جولائی کے الیکشن میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے اتنے منصوبے بنا دیئے ہیں کہ یکم جون تک حکومت کی مدت ختم ہونے تک ہر ہفتے ایک بڑے منصوبہ کا افتتاح کریں تو وقت کم ہے،انہوں نے کہا کہ میرا ان حضرات کو جو تنقید کرتے ہیں ان کو چیلنج ہے کہ وہ اپنے دور کا ایک منصوبہ دکھا دیں مسلم لیگ(ن) آپ کو سینکڑوں منصوبے دکھاتی ہے ۔وزیراعظم نے شرح نمو کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس 5.3 فیصد تک پہنچ جائے گی یہ دس سال میں بلند ترین شرح نمو ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ معیشت کو ترقی دی گئی اور عوام کے مسا ئل حل کیے گئے ۔انہوں نے کہا کہ میں سوئی نادرن، ایم ڈی امجد لطیف، چیئرمین سعید مہدی، سوئی نادرن کے آفیسران اور سٹاف کا مشکور ہوں کہ انہوں نے وہ کام کیے ہیں جو بڑے بڑے ترقی یافتہ ممالک بھی نہیں کر سکے۔پاکستان مسلم لیگ عوام کی دعائوں سے کامیاب ہو گی اور ان باقی مسائل کو بھی حل کریں گے ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے لیے (ن) لیگ کے کام عوام کے سامنے ہیں۔ باتیں سارے کرتے ہیں لیکن جو کام (ن) لیگ نے جنوبی پنجاب میں کیے ہیں میں نہیں سمجھتا کہ گزشتہ 66 برس میں ساری دیگر جماعتوں نے مل بھی اتنے کام کیے ہونگے ترقی عوام کے سامنے ہے بجلی اور کیس کے منصوبے ملتان موٹر وے اوریونیورسٹیاں بنی ہیں یہ چیزیں عوام کا حق تھا جو(ن) لیگ نے عوام تک پہنچایا یہ میاں نواز شریف کا ویژن اور قیادت تھی یہ چیزیں آئیں اور اس علاقہ میں ترقی ہوئی مستقبل میں بھی ترقی کا یہ سفیر جاری رہے گا۔