ملکہ کوہسار مری سمیت خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری،بیشتر راستے بند ہوگئے
ملکہ کوہسار مری سمیت خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری سے بیشتر راستے بند ہو گئے جبکہ بچے،بوڑھے کھانسی ،نمونیا سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔گیس نہ ہونے کی وجہ سے سوختی لکڑی کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیاگیا ہے ۔تفصیلا ت کے مطابق ملکہ کوہسار مری سمیت خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری سے راستے بند ہو گئے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں بجلی اور گیس بھی غائب ہو گئی ہے جس کا فائدہ منافع خوروں نے اٹھاتے ہوئے سوختی لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔گزشتہ روز نتھیا گلی،ایوبیہ ، کالام، کاغان، سوات،شانگلہ ،دیر ،کوہستار سمیت چترال اور دیگر بالائی علاقوں میں شدید برف باری ہوئی جس سے سردی میں مزید اضافہ ہو گیا اور لوگ گھروں میں مقید ہو کر رہ گئے ہیں تاہم سیاحوں کی بڑی تعداد نے بالائی علاقوں کا رخ کیا جنہیں آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا بھی کرناپڑا ۔دوسری جانب شدید سردی سے بچے،بوڑھے کھانسی ،نمونیا سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں اور سوات سمیت خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں سے متاثرین کی بڑی تعداد پشاور کے ہسپتالوں کا بھی رخ کررہی ہے ۔گزشتہ روز ایبٹ آباد میں بھی برف باری ہوئی جس کے بعد سے سوئی گیس کے کم پریشر اور مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی شکایات عام ہیں ۔اسی طرح پارا چنار اور کرم میں بھی برف باری سے موسم سرد ہو گیا ہے ۔پارا چنار کے سیاحتی مقامات میں سیاحوں کی آمد شروع ہو گئی ہے ۔لوئر دیر میں بارش اور برف باری کے بعد سیاحوں نے رخ کرلیا ہے جبکہ سوات ،کالام،کاغان،شانگلہ کی طرف بھی سیاحوں کی بڑی تعداد نے رخ کیا ۔اسی طر ح ملکہ کوہسار مری کے مال روڈ پر اتوار کے روز تل دھرنے کی جگہ نہ رہی اور سیاح برف باری اور ٹھنڈے موسم سے لطف اٹھاتے رہے ۔