باتیں کم،کام زیادہ:پوری توجہ عام آدمی کی فلاح و بہبود پر ہے:عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔ پوری توجہ عام آدمی کی فلاح و بہبود پر ہے۔ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے جامع روڈمیپ تیار کر لیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت سماجی و معاشی انصاف کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔ سابق ادوار کی طرح نمائشی منصوبوں پر قومی وسائل ضائع نہیں کریں گے۔ ہر وہ پروگرام اور منصوبہ شروع ہوگا جس کا فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا۔وہ وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں وسائل کا رخ صرف چند علاقوں تک محدود رکھا گیا اور سابق حکمرانوں نے پسماندہ علاقوں کے مسائل حل نہیں کئے۔ ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث یہ علاقے ترقی نہیں کر سکے لیکن اب وسائل کا رخ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ہر پسماندہ تحصیل کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائیں گے۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولتیں مہیا کرے گی۔ حکومت کی انتھک محنت کے باعث صوبے کو درست سمت میں گامزن کر دیا ہے۔صوبے کے عوام کی امیدوں اور توقعات سے بڑھ کر خدمت کریں گے۔