انتخابات میں حصہ لینے کیلئے تیار ہیں۔ اسماعیل ہانیہ

اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا ہے کہ چھ ماہ کے اندر اندر فلسطین میں پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کرانے اور ان میں حصہ لینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔غیرملکی ٹی وی کوانٹرویو دیتے ہوئے اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ ان کی جماعت فلسطین کی دوسری قوتوں کے ساتھ ملک میں جامع انتخابات کے انعقاد کے کے لیے بات چیت اور مذاکرات کے لیے تیاری کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں تحریک فتح سمیت دیگر فلسطینی دھڑوں کے ساتھ بھی رابطے شروع کیے گئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صدر محمود عباس نے ان کے مکتوب کا جواب دیا ہے جس میں انہوں نے میری تجاویز اور انتخابات کرانے کے مطالبے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مجھے مصر، ترکی، قطر اور دوسرے ممالک کی قیادت کی طرف سے بھی مکتوبات ملے ہیں جن میں فلسطینی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کا عزم ظاہر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ حماس تمام فلسطینی قوتوں کے ساتھ مل کر نئے تاریخی مرحلے میں کامیابی کے ساتھ داخل ہونے اورآگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے فلسطینی جماعتوں کی قیادت کو مکتوبات ارسال کیے جن کے جواب میں مثبت اور حوصلہ افزا جواب دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حماس جلد از جلد فلسطینی قوتوں کے ساتھ بات چیت شروع کرنا چاہتی ہے۔ تاہم بات چیت فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کے تحفظ کی بنیاد پرہونے چاہئیں۔