سانحہ مچھ میں ملوث دہشت گرد عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا.جام کمال
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ سانحہ مچھ میں ملوث دہشت گرد عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں اپنی زیرصدارت صوبے میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، چیف سیکرٹری فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ،آئی جی ایف سی سمیت دیگر اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری، آئی جی ایف سی نے وزیر اعلی کو اجلاس میں بلوچستان میں امن وامان سے متعلق صورتحال سمیت سانحہ مچھ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مچھ واقعے کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہاکہ مچھ میں پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے،حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی،عوام کی جان ومال کاتحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے،سانحہ مچھ کے درندوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔