صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد میں اومی کرون کی تصدیق

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبائی وزیرصحت کو ویری ایشن ڈیٹیکشن کٹس سے اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا دو روز قبل کورونا مثبت آیا تھا ۔ محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یاسمین راشد کی طبیعت خطرے سے باہر ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ تمام مثبت کیسز میں نوے فیصد سے زائد اومی کرون کی تصدیق ہو رہی ہے۔ اس لیے شہریوں کو تمام احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کا اومی کرون ویریئنٹ پاکستان میں تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا ہے۔ مثبت کیسز کی شرح 2.32 فیصد ہو گئی ہے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے پا کستان میں کورونا کی پانچویں لہر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اومی کرون کے کیسز ہر جگہ سے آ رہے ہیں، کراچی میں مثبت اومی کرون ویرینٹ کیسز کی شرح 8 فیصدسے زائد جبکہ لاہور اور پشاور میں 2.2 فیصد ہے۔ ملک میں کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 28 ہزار 955 ہوگئی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 85کیسز رپورٹ ہوئے جوکہ پچھلے دو ماہ کے عرصے میں نئے کورونا کیسز کی سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے۔