پاکستان میں کوروناوائرس کی شرح 3 ماہ کی بلند ترین سطح پر

پاکستان میں تین ماہ بعد عالمی وبا کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح ڈھائی فیصد کے قریب پہنچ گئی۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 585 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1085 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1299848 ہوگئی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 2.32 فیصد رہی جو تقریباً تین ماہ کے دوران سب سے زیادہ شرح ہے۔ اس سے قبل اکتوبر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.34 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد وائرس سے انتقال کرگئے جس کے بعد انتقال کرنے والوں کی تعداد 28955 ہوگئی۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 247 افراد وائرس سے صحتیاب بھی ہوئے جس کےبعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1257847 ہوگئی۔کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں اومیکرون کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، سندھ میں اومیکرون کے کیسز کی تعداد 200 ہوگئی جبکہ کراچی میں مزید 23 افراد میں اس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ اومیکرون کے اسلام آباد میں مزید 27 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب میں اومیکرون مریضوں کی تعداد 217 اور خیبرپختونخوا میں اومیکرون کے بڑھتے پھیلاؤ پر سربراہ این سی او سی اسدعمر کا کہنا ہے کہ کیسز کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن لگانے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے جو پابندیاں عائد کی تھیں ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے اقدامات سخت کئے جا رہے ہیں۔