باجوہ نے عمران خان کیلئے فوج کی ساری صلاحیتیں جھونک دیں: وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ باجوہ نے عمران خان کیلئے فوج کی ساری صلاحیتیں جھونک دیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ الیکٹرک سپلائی کا منصوبہ ہزارہ کی عوام کوسہولت دے گا اور امیر مقام نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل اور فلاحی کاموں کی بات کی ہے۔ امیر مقام کی جانب سے تمام گزارشات کو سن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی منصوبوں اور فلاح کے کاموں کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور ہزارہ سمیت ملک بھر میں گیس کے منصوبے کو مکمل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ضروری اقدامات فوری طور پر مکمل کریں گے۔ مئی میں جلسے کے دوران بجلی کمپنی کا مطالبہ کیا گیا تھا.شہباز شریف نے کہا کہ جنرل باجوہ نے عمران خان کے لیے جو کچھ کیا وہ اب سامنے آ رہا ہے اور عمران خان آج اپنی 4 سالہ کارکردگی کے بارے میں کچھ بتانے سے قاصر ہیں۔ عمران خان نے پاکستان کے معاش، سماج اور معاشرے کو نقصان پہنچایا جبکہ میں نے زندگی میں عمران خان جیسے محسن کش انسان کو نہیں دیکھا۔انہوں نے کہا کہ گالم گلوچ میں عمران خان کا کوئی مقابلہ نہیں ہے اور ان کے کرتوت سب کے سامنے ہیں۔ عمران خان ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھے رہے لیکن انہوں ںے ایک اینٹ عوامی ترقی کے لیے نہیں لگائی۔ عمران خان کو لوگوں کی فکر ہوتی تو الزامات لگانے کے بجائے کام کرتے۔