عمران خان سچا اور کھرا آدمی ہے، اس کے ساتھ کھڑے ہیں:وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی

گجرات: وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان ایک سچا اور کھرا آدمی ہے،اس کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان کو کچھ نا تجربہ لوگ شروع میں ملے تھے، انہیں پہلی بار حکومت ملی تھی، عمران خان ایک سچا آدمی ہے،عوام اس کے ساتھ ہیں جبکہ شہبازشریف کا نام پہلے سے ہی جھوٹوں کی گنیز بک میں درج ہے۔ تفصیلات کے مطابق گجرات میں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، نہ قوم بن سکتی ہے، اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کیلئے دوبارہ موقع دیا ہے، مجھے علم نہیں تھا اتنے مشکل حالت میں دوبارہ آؤں گا، گجرات اب ضلع نہیں بلکہ ڈویژن بن چکا ہے اور اور یہاں کے بچے اور بچیوں نے ماحول تبدیل کر دیا ہے، یہاں کے عوام کیلئے مزید کام کرنے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں گھبرانا نہیں،ایسے ہی میں بھی کہتا ہوں گھبرانا نہیں، شہبازشریف نے زندگی میں جتنے جھوٹ بولے ہیں ،وہ عوام کو معلوم نہیں، شریفوں کے جھوٹ بولنے کا ریکارڈ گنیز بک میں موجود ہے انہوں نے چھپا رکھا ہے جبکہ عمران خان ایک سچا اور کھرا آدمی ہے اور ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان اگر غلط بات کرتے ہیں تو ان کے سامنے کہہ دیتا ہوں،وہ مائنڈ نہیں کرتے۔