پلان جیت کا ہی بنایا تھا لیکن اوپر نیچے وکٹیں گریں تو ڈرا کیلئے گئے: بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ چائے کے وقفے کے بعد پلان جیت کی جانب جانے کا تھا لیکن اوپر نیچے وکٹیں گریں اور نئی گیند لی گئی تو پلان تبدیل کیا اور ڈرا کی جانب گئے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا ہوگیا، ٹیسٹ کے آخری دن نیوزی لینڈکے 319 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں 9 وکٹ پر 304 رنزبنائے، پاکستان کو جیت کیلئے 15 رنز اور نیوزی لینڈ کو ایک وکٹ درکار تھی تاہم آج کی اننگز کے 3 اوورز قبل ہی امپائر نے کم روشنی کے باعث میچ ختم کردیا۔
4 سال بعد ٹیم میں واپس آئے سرفراز احمد نے شاندار سنچری بنائی اور 118 رنز بناکر پاکستان کی جانب سے نمایاں رہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ چار وکٹیں گریں تو میچ بچانا مشکل تھا لیکن سعود شکیل اور سرفراز احمد نے بھروسے والی اننگز کھیلی اور میچ کو جیت کی جانب لے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ سعود اور سمان علی آغا آؤٹ ہوئے تو پلان تبدیل کرنا پڑا، ایسا نہیں ہے کہ جیت کیلئے ہم نے چانس نہیں لیا، نسیم اور ابرار نے نئی بال کے ساتھ مشکل وکٹ میں اچھی بیٹنگ کی چار اوور کھڑے رہنا دلیری کا کام تھا جس کا انہیں کریڈیٹ دینا چاہیے۔