’کرکٹ کیلنڈر کا یکطرفہ اعلان‘، نجم سیٹھی کا بیان ایشین کرکٹ کونسل نے مسترد کردیا

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کے بیان کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا، جس میں انہوں نے جے شاہ کی جانب سے کرکٹ کیلنڈر برائے سال 2023 اور 2024 کی تشکیل کو یک طرفہ قرار دیا تھا۔اے سی سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تبصرہ کیا ہے کہ اے سی سی کے صدر کی جانب سے 24-2023 کے لیے اعلان کردہ کیلنڈر اور پاتھ وے کا فیصلہ یک طرفہ طور پر کیا گیا ہے۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ ایشین کرکٹ کونسل وضاحت پیش کرنا چاہتی ہے کہ مروجہ طریقہ کار کے بعد ہی اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا، کیلنڈر کو اے سی سی کی ڈیولپمنٹ کمیٹی اور فنانس اینڈ مارکیٹنگ کمیٹی نے 13 دسمبر 2020 کو ہونے والے اجلاس میں منظور کیا تھا۔اے سی سی نے مزید کہا کہ کیلنڈر کو بعد ازاں تمام شرکت کرنے والے اراکین بشمول پاکستان کرکٹ بورڈ کو بذریعہ ای امیل 22 دسمبر کو بھیجا گیا تھا، اس دوران متعدد بورڈز کی جانب سے رد عمل موصول ہوئے تھے لیکن پی سی بی کی جانب سے کوئی تجویز یا تبصرہ نہیں بھیجا گیا۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ نجم سیٹھی کی جانب سے سوشل میڈیا پر کیا جانے والا تبصرہ بے بنیاد ہے اور ایشین کرکٹ کونسل اسے مسترد کرتی ہے۔