سیلاب کی تباہ کاریاں، پاکستان میں مزید 90 لاکھ لوگ غربت میں جا سکتے ہیں: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) نے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ سال سیلاب کی تباہ کاریوں سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے جس کے باعث مزید 90 لاکھ افراد کے غربت میں جانے کا خدشہ ہے۔ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے آئندہ ہفتے جنیوا میں ایک روزہ انٹرنیشنل کانفرنس آن کلائیمیٹ ریزیلئنٹ پاکستان کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں متعدد ممالک کے سربراہان اور درجنوں ممالک کے اعلیٰ مندوبین شرکت کریں گے۔
پاکستان میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ریزیڈنٹ ریپریزنٹیٹو کیوٹ اسٹبی نے کہا کہ اگرچہ پاکستان میں اس طرح کا سیلاب پہلے نہیں آیا لیکن ایسا ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے دیگر ممالک میں بھی ہو سکتا ہے، سیلاب کے باعث فصلوں کو شدید نقصان پہنچا اور اگلے سیزن کیلئے فصلیں کاشت نہیں ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیلابی صورتحال کے بعد زرعی اجناس اور غذائی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے نہ صرف غذائی عدم تحفظ میں اضافہ ہوا بلکہ غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی تعداد 70لاکھ سے بڑھ کر ایک کروڑ 46 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔