حافظ آباد: آتشزدگی کے باعث چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق
حافظ آباد میں آتشزدگی کے باعث گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حافظ آباد کے علاقے رامکے چٹھہ میں جانوروں کو سردی سے بچاؤ کیلئے آگ جلا رکھی تھی، جانوروں کیلئے لگائی گئی آگ سے مکان کی چھت گر گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 4 افراد جاں بحق اور چار شدید زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 40 سالہ آصف، 35 سالہ شازیہ، 14 سالہ ایمان فاطمہ اور 5 سالہ زلیخہ شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے نعشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا، زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں 2 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب وزیرِاعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعے پر افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔