بلوچستان اور بالائی علاقوں میں برفباری، سردی میں اضافہ، پنجاب میں شدید دھند برقرار
بالائی علاقوں اور بلوچستان میں برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا جبکہ لاہور سمیت پنجاب میں شدید دھند برقرار ہے، حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹروے ایم 2 کوٹ مومن سے پنڈی بھٹیاں، موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے اوچ شریف، موٹروے ایم 14 کو ہکلہ سے فتح جنگ، ایم 1 پشاور سے اسلام آباد، ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ، ایم 3 فیض پور سے درخانہ، ایم 4 ملتان سے پنڈی بھٹیاں، ایم 11 لاہورسے سیالکوٹ، سوات ایکسپریس وے کرنل شیرخان سے چکدرہ اور ہزارہ ایکسپریس وے کو برہان سے جھاری کس تک ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ ملتان، میاں چنوں، کسووال، خانیوال کے گردونواح میں دھند کے باعث حدنگاہ انتہائی کم رہ گئی، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، دوران ڈرائیونگ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، مسافر بند کی جانے والے شاہراہوں کے متبادل راستے اختیار کریں، دوران سفر رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن 130 یا ٹویٹر سے مدد لی جا سکتی ہے۔