نیٹو سپلائی روٹس کھلنے کے بعد امریکی محکمہ دفاع نے پاکستان کے روکے گئے ایک ارب دس کروڑ ڈالر جلد جاری کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
ترجمان پینٹاگون نیوی کپتان جان کربی کے مطابق امریکہ نے کولیش سپورٹ فنڈ کی مد میں پاکستان کے روکی گئی رقم جاری کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ اس مد میں پاکستان کو ایک ارب دس کروڑ ڈالر جلد فراہم کردیے جائیں گے۔ نیٹو سپلائی کی بندش کے بعد پاکستان کے فنڈز روک لیے گئے تھے جسے سپلائی روٹس کھلنے کے بعد بحال کردیا گیا ہے۔ جان کربی نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے نیٹو رسد لائن کھولنےسے امریکہ کو افغانستان کے اندر اور افغانستان کے باہر سامان کی آمدورفت کی مد میں کروڑوں ڈالرز کی بچت ہوگی۔ ایک اندازے کے مطابق ہر ماہ ستر ملین ڈالر سے لے کر ایک سو ملین ڈالر تک بچائے جاسکیں گے۔