کاروباری ہفتے کے اختتام پر کراچی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی، کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس چودہ ہزار تین سو پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔
کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا پہلے ہی سیشن میں سو سے زائد پوائنٹس بڑھنے سے انڈیکس چودہ ہزار دو سو پوائنٹس کی سطح عبور کرنے میں کامیاب رہا۔ پہلے سیشن کی تیزی دوسرے سیشن میں بھی برقرار رہی ۔سیمنٹ، انرجی، فرٹیلائزر سیمت تمام شعبوں میں تیزی نے انڈیکس کو چودہ ہزار تین سو پوائنٹس کی سطح عبور کرنے میں مدد دی۔کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس ایک سو انتالیس پوائنٹس اضافے کے بعد چودہ ہزار تین سو دس پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی کاروباری حجم نو کروڑ تینتالیس لاکھ شئیرز رہا حجم کے اعتبارسے ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی کے حصص میں سب سے زیادہ سودے ہوئے۔ بروکرز کا کہنا ہے کہ جون کے اختتام پر کارپوریٹ نتائج اور بیرونی ادائیگیوں سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں واپسی آج کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی وجہ بنی۔ دوسری جانب لاہورسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی کا رجحان برقراررہا، اسٹاک مارکیٹ میں چھیانوے کمپنیوں کے اٹھارہ لاکھ سات ہزارچھ سو چوراسی حصص کا کاروبار ہوا۔ بتیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا تین کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی جبکہ اکسٹھ کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا ماہرین کا کہنا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں مزید بہتری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔