عازمین حج کے لئے حج پروازوں کا آغاز 24 جولائی سے ہوگا۔
عازمین حج کے لئے حج پروازوں کا آغاز 24 جولائی سے ہو گا۔ وزارت مذہبی امور نے چار ایئرلائنز کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل دیدی ، حج پروازوں کا شیڈول رواں ہفتے جاری ہونے کا امکان ہے، روانگی سے 10 روز قبل حاجی کیمپوں میں حجاج کو پولیو سمیت مختلف بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسینز لگائی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق حج پروازوں کے حوالے سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، شاہین ایئرلائنز، سعودی ایئر لائنز اور ایئر بلیو کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ ان چاروں ایئرلائنز کے ذریعے حجاج کرام کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔ حج پروازوں کا آغاز چوبیس جولائی سے ہو گا اور 21 اگست تک حج فلائٹس آپریشن جاری رہے گا۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے حجاج کرام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ورزش کو اپنی عادت بنا لیں ،حج کے دوران انہیں کافی مشقت کرنا پڑے گی کیونکہ موسم بھی شدید گرم ہے۔ حجاج کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی روانگی سے 10 دن پہلے حاجی کیمپوں سے اپنی ویکسینیشن کا عمل مکمل کرا لیں۔ حجاج کرام کو پولیو، گردن توڑ بخار اور فلو کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے اور ایک پیلا کارڈ ان کے حوالے کیا جائے گا۔ حجاج جب سعودی عرب پہنچیں گے تو ایئرپورٹ پر ان کا پیلا کارڈ چیک کیا جائے گا جس سے پتہ چلے گا کہ ویکسینیشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے، اس کارڈ کے بغیر سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ حج پروازوں کا شیڈول رواں ہفتے مکمل ہونے کا امکان ہے جس کے بعد حجاج کو روانگی کے حوالے سے بذریعہ ایس ایم ایس اور خطوط اطلاع کر دی جائے کی جبکہ پروازوں کا شیڈول وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہو گا جبکہ حجاج کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ روانگی سے دو روز قبل حاجی کیمپ سے اپنا پاسپورٹ اور ٹکٹ وصول کر لیں۔ حاجی کیمپوں میں روانگی سے قبل حجاج کیلئے رہائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ حجاج سے کہا گیا ہے کہ وہ مناسک حج اچھی طرح سیکھ اور سمجھ لیں تاکہ انہیں سعودی عرب جا کر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزارت کی طرف سے حجاج کے لیے حج کے حوالے سے ایک ہدایت نامہ بھی شائع کیا گیا ہے جو حاجی کیمپوں میں حجاج کرام کو دیا جائے گا ۔