پاکستان سے طالبان کا خاتمہ کردیا۔ حقانی نیٹ ورک پاکستان میں نہیں بلکہ افغانستان میں ہے:ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا
ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان سے طالبان اور دہشتگردی کے دیگر نیٹ ورکس کا خاتمہ کر دیا۔ حقانی نیٹ ورک افغانستان میں ہے جس کے کئی رہنما افغانستان میں مارے گئے۔ یہ گروپ افغانستان سے آپریٹ ہورہاہے. نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے جس کے بارے میں عالمی برادری کو آگاہ کیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کا دورہ تاجکستان اور پاکستان میں عالمی رہنماوں کی آمد خارجہ محاذ پر اہم پیش رفت ہے۔ امریکی سینیٹرز کا دورہ پاکستان مثبت رہا، امریکی سینیٹرز نے پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کاوشوں کو سراہا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کررہی ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے آیت اللہ خامنائی کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے بهی بھارتی مظالم کی مذمت کی ہے. ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ سرجیل سٹرائیک کے بھارتی دعوے بے بنیاد تھے۔ ایسے دعوے خطے میں امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں