پاکستان کی ڈوریں ان بیوقوفوں کے ہاتھ میں ہے جو سریا بیچنا تو جانتے ہیں لیکن ملک چلانا نہیں جانتے:سابق صدر آصف علی زرداری

سانگھڑ کے علاقے کھپرو میں خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کی ڈوریں سریا بیچنے والے بیوقوفوں کے ہاتھ میں ہیں جو نہ سریا بیچنا جانتے ہیں اور نہ ہی حکومتیں چلانا جانتے ہیں، یہ نہ سی پیک سمجھتے ہیں اور نہ چین کے ساتھ اتحاد سمجھتے ہیں، دنیا آگے جارہی ہے اور یہ پیچھے جارہے ہیں۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی سے ان کو تکلیف ہے۔۔ دیکھتے ہیں ان کے کیسز کا کیا بنتا ہے۔۔ یہ وزیراعظم بدل کر معاملہ حل کر سکتے ہیں ، لیکن انہوں نے کیس کا سامنا بھی نہیں کرنا اور وزارت عظمیٰ بھی نہیں چھوڑنی۔۔۔ میاں صاحب شیر بنیں اور اگر آپ کے ساتھ سازش ہورہی ہے تو براداشت کریں، ہم نے پہلے آپ کا ساتھ دیا تھا لیکن آپ نے ہماری پیٹھ میں خنجر گھونپا اور ہمارے لوگوں کو تنگ کیا۔۔ اس کے باوجود ہماری دعا ہے یہ اسمبلی پانچ سال پورے کرے۔۔۔ آصف زرداری نے کپتان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں اور پاکستان چلانے میں بہت بڑا فرق ہے جب وقت آئے گا ہم انہیں دکھائیں گے اور بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ گندے انڈے ہمارا ساتھ چھوڑ رہے ہیں لیکن ان کی فکر نہ کرو۔ جو ہمارا نہیں بن سکتا وہ کسی اور کا بھی نہیں بنے گا۔۔ آصف زرداری نے کہا کہ نیب والے ہمیں روز تنگ کرنے کے لیے آتے ہیں لیکن جو ضیاء الحق کے مارشل لاء سے نہیں ڈرے وہ نیب سے کیا ڈریں گے، بینظیر بھٹو شہید نے ایک ظالم ڈکٹیٹر کا مقابلہ کیا اور ان کے بعد ہم نے بھی مقابلہ کیا، آٹھ سال جیل میں رہا لیکن مشرف صاحب خود ایک دن جیل جانے کے لیے تیار نہیں، جیل کی بات کی جائے تو ان کی پسلی خراب ہوجاتی ہے، دبئی میں صحیح رہتے ہیں لیکن پاکستان میں بیمار ہیں اور خود کو کمانڈو کہتے ہیں، ہم تو سیدھے سادھے سیاستدان ہیں، اپنے آپ کو کمانڈو نہیں کہتے لیکن جذبہ کمانڈو سے زیادہ رکھتے ہیں۔