بلاول بھٹو زرداری نئی نسل کے آئیڈیل بن سکتے ہیں اگر وہ اس بھوک مٹانے کے نعرے پر من و عن عمل کی حد سے گزر جائیں۔
پیپلز پارٹی کے انتخابی منشور کا ان دنوں بڑا ذکر ہے جس میں بھوک مٹاؤ پروگرام کا خاص طور پر ذکر کیا گیا ہے، روٹی کپڑا مکان کے بعد بھوک مٹاؤ کا نعرہ خاصہ دلچسپ بھی ہوگا کیونکہ اس میں سے کئی پہلو نکلیں گے۔پیپلز پارٹی کے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد سے خاصے متاثر ہیں بلکہ ان کے نقش قدم پر چلنا بھی چاہتے ہیں جس کا اظہار وہ اپنی ہر تقریر میں کرتے آئے ہیں۔
دوسری جانب وہ اپنے والد آصف علی زرداری سمیت والد کے قریبی عزیزوں کے طرز حکمرانی کا بھی تجربہ حاصل کر چکے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نئی نسل کے آئیڈیل بن سکتے ہیں اگر وہ اس بھوک مٹانے کے نعرے پر من و عن عمل کی حد سے گزر جائیں لیکن اس کے لیے انہیں سب سے پہلے غریب عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے پالیسی ساز حکومتی اور سرکاری مشینری میں سے کرپشن کی بھوک مٹانا ہوگی۔بلاول بھٹو زرداری کو عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے عمل میں بھوکے بدعنوان ٹولے کا خاتمہ کرنا ہوگا جو قدم قدم پر عوامی سہولتوں کے نام پر منصوبوں میں اربوں روپے سے اپنی کرپشن کی بھوک مٹا گئے اور مزید کے لئے پر تول رہے ہیں۔