احتساب عدالت کے فیصلےپر ایون فلیڈ اپارٹمنس کے باہر مسلم لیگ نون کے کارکن اور تحریک انصاف کے سپورٹرز آمنے سامنے آگئے
ایون فیلڈ ریفرنس پر احتساب عدالت کے فیصلے کی گونج نہ صرف پاکستان بلکہ لندن میں ایون فلیڈ اپارٹمنٹس کے باہربھی سنائی دی۔
جیسے ہی احتساب عدالت کی جانب سے فیصلہ سنایا گیا، ساتھ ہی میڈیا نمائندگان ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر پہنچ گئے، میڈیا اس انتظار میں رہا کہ فیصلے پر نوازشریف یا پھر مریم نواز اپنے ردعمل کا اظہار کرنے کیلئے باہر آئیں گے۔ اپارٹمنٹس کے باہر مسلم لیگ نون کے کارکن اور تحریک انصاف کے سپورٹرز بھی آمنے سامنے آگئے، تحریک انصاف کے کچھ پرجوش سپورٹرز نے نوازشریف کیخلاف اور فیصلے کے حق میں نعرے بازی کی۔ جس نے وہاں موجود مسلم لیگ نون کے کارکنان کو مشتعل کردیا۔ مسلم لیگ ن کے کارکنان اور تحریک انصاف کے سپورٹرز کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، تاہم جب تحریک انصاف کے سپورٹرز وہاں سے نہ ہٹے تو ن لیگ کے کارکنوں نے انہیں دھکے بھی دیئے، صورتحال مزید خراب ہونے لگی تو وہاں موجود دیگر افراد نے معاملہ رفع دفع کرادیا۔