ترکی کورونا کیخلاف کامیاب جدوجہد کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ وزیر خارجہ میولود چائوش اولو
ترک وزیر خارجہ میولود چائوش اولو نے کہا ہے کہ ترکی کورونا وائرسکے خلاف کامیاب ترین جدوجہد کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انطالیہ میں ''صحت مند سیاحت محفوظ شہر''کے عنوان سے منعقدہ تعارفی اجلاس سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ ہماری کورونا وائرس کے خلاف اختیار کردہ تدابیر کے نتیجے میں ہم کامیاب جدوجہد کرنے والے ممالک میں سے ایک بن گئے ،ترکی دنیا میں بہترین نظام صحت اور انفراسٹرکچر کا حامل ملک ہے۔چائوش اولو نے کہا ہے کہ ترکی نے اس وقت تک 137 ممالک کو طبی امداد فراہم کی ہے اور اب کے بعد بھی امداد کا سلسلہ جاری رکھیں گا، یہی نہیں بلکہ جن ممالک میں اموات اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے انہیں اضافی مدد بھیج رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ دیگر ممالک سے ترک شہریوں کا انخلا جمہوریہ ترکی کی تاریخ کا سب سے بڑا انخلا آپریشن تھا جو نہایت درجے کامیابی کے ساتھ کیا گیا، 130 ممالک سے 90 ہزار ترک شہریوں کو وطن واپس لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 90 ممالک نے ترکی میں موجود اپنے شہریوں کے انخلا کا مطالبہ کیا جس پر ہم نے مذکورہ ممالک کے 2 لاکھ 30 ہزار شہریوں کی واپسی میں معاونت کی اور انخلا پروگرام کو مل کر سر انجام دیا ہے۔