پاک فضائیہ کا جنگ ستمبر کے ہیرو ایم ایم عالم کو خراج عقیدت پیش
اسلام آباد : پاک فضائیہ نے جنگ ستمبر کے ہیرو ایم ایم عالم کے یوم ولادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دستاویزی فلم جاری کردی، ایم ایم عالم پاک فضائیہ کے فائٹر پائلٹس کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بہادر سپوت اور جنگ ستمبر کے ہیرو ایم ایم عالم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے ان کے یوم ولادت پر ایک مختصر دستاویزی فلم نشر کر دی۔ پاکستان کے بہادر سپوت اور جنگ ستمبر کے ہیرو محمد محمود عالم 6 جولائی 1935 کو کلکتہ میں پیدا ہوئے، محمد محمود عالم کا خاندان قیام پاکستان کے وقت مشرقی پاکستان منتقل ہو گیا تھا، ملکی سرحدوں کی حفاظت کے جذبے سے سر شار عالم نے 1953ء میں پاک فضائیہ میں کمیشن حاصل کیا۔