بجلی،موبائل فونز،دودھ،گھی،سیمنٹ،کھاد مہنگے نہیں کیے،امیروں پرٹیکس لگایا: اسحاق ڈار
اسلام آباد میں وزیرخزانہ نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کی ۔جس میں انہوں نے کہا بجٹ میں غریب افراد کی فصلوں کی انشورنس، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لئے ایک سو دو ارب روپے، وزیر اعظم یوتھ لون سکیم، سولر ٹیوب وپلز پر نو مارک اپ جیسی مراعات متعارف کرائی گئی ہیں۔اگلے مالی سال کے دوران بیس لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اسحاق ڈار نے کہاکہ گلگت بلتستان کے لئےگندم پر سبسڈی ختم نہیں کی گئی۔ بجٹ میں گندم پر سبسڈی کے لئے چھ ارب پچاس کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو رہا۔جبکہ کھاد پر بھی کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔وزیر خزانہ نے کہاکہ سیمنٹ پرکسٹمز ڈیوٹی اس لئے لگائی گئی ہے تاکہ یہ برآمد نہ ہو- اسحاق ڈار نے کہا صرف پرائیویٹ سیکرٹریوں کی تنخواہ بڑھائی گئی ہے۔ وزارتوں کے سیکرٹریز کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔