بجٹ میں امیروں کیلئےمراعات،غریبوں کوفقط دعائیں،: زرداری

کراچی سے جاری ایک بیان میں سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی بجٹ وسائل اور مواقع کی منصفانہ اور مساوی تقسیم کی جانب ایک چھوٹا سا قدم اٹھانے میں بھی ناکام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت کا تیسرا بجٹ ایک اکائونٹنٹ کا بیان ہے، جس میں امیروں کے لئے مراعات دی گئی ہیں جبکہ غریبوں کو دعائوں پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ اس بجٹ میں کسی قسم کی ٹیکس اصلاحات یا معیشت کی ڈاکومنٹیشن کا کوئی وژن نہیں جو معیشت کی تمام خرابیوں کی جڑ ہیں۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین خاص طور پر کم تنخواہ دار ملازمین اس بجٹ سے بہت مایوس ہوئے ہیں، کسان بھی پریشان ہوئے ہیں اور مزدور طبقہ حکومت کی جانب سے ان کی مشکلات ناسمجھنے پرمایوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اے پی سی میں کئے جانے والے فیصلوں سے بھی پیچھے ہٹ گئی، گزشتہ سال کے معاشی ہدف حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد اس بجٹ میں جو بڑے دعوے کئے گئے ہیں وہ بھی جھوٹے ثابت ہوں گے-