الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا
آزاد کشمیر میں عام انتخابات،،، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم بھرپور انداز سے جاری،،، الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے عام انتخابات کیلئے شیڈول جاری کردیا ہے، شیڈول کے مطابق عام انتخابات 21 جولائی کو ہوں گے، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 16 جون تک جمع کرا سکتا ہے، 29 جون کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا گیا ہے،عام انتخابات فوج کی نگرانی میں ہوں گے، الیکشن میں گاڑیوں کا جلوس نکالنے پر پابندی ہو گی اور کوئی امیدوار سرکاری وسائل استعمال نہیں کرسکے گا، وال چاکنگ اور اسلحہ لہرانے پر پابندی ہوگی ضابطہ اخلاق کے مطابق امیدواروں کی تشہیر کے لئے پینا فلیکس کا سائز چوبیس بارہ اور بروشر کا سائز چھ نو رکھنا لازم ہوگا۔ ہرامیدوار بیس لاکھ روپے کے انتخابی اور پانچ لاکھ روپے کے ذاتی اخراجات کرسکے گا، ترقیاتی منصوبہ جات کے اعلان پر پابندی ہوگی، وزیراعظم پاکستان، وزرا اور مشیران سرکاری جھنڈا لگا کر حلقوں میں نہیں جاسکیں گے، ضابطہ اخلاق کے مطابق ہرامیدوارڈپٹی کمشنر یا مجسٹریٹ کی اجازت سے ایک جلسہ کرسکے گا۔۔۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدوار کو ایک سال قید اور جرمانے کی سزا دی جائے گی۔