اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گواہ محمد عظیم نے اکیس بنک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ عدالت کو فراہم کردیا
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔ ریفرنس میں نامزد تینوں ملزم عدالت میں پیش ہوئے۔ صدر نیشنل بینک ملزم سعید احمد حاضری کے بعد وکیل کے ہمراہ واپس چلے گئے۔ وکیل سعید احمد کا کہنا تھا کہ میری طبیعت خراب ہے ڈاکٹر نے چلنے سے منع کیا۔ ہمیں جانے کی اجازت دی جائے۔ استغاثہ کے گواہ محمد عظیم پر وکیل صفائی نے جرح کی۔ گواہ نے اسحاق ڈار کی بنک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا۔ اکیس ٹرانزیکشن کا ریکارڈ عدالت کو فراہم کیا گیا جن میں آٹھ الیکٹرانک ٹرانزیکشن شامل ہیں۔ دوران سماعت معاون وکیل معظم حبیب کا موبائل بجنے پرعدالت نے وکیل معظم حبیب کو دو ہزار جرمانہ کردیا۔عدالت نے صدر نیشنل بنک سعید احمد کی بریت کی درخواست تیرہ جون کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ۔ کیس کی مزید سماعت تیرہ جون کو ہوگی۔