جدہ کی مساجد پھر 15 روز کے لیے بند
سعودی عرب کی وزارت مذہبی امورنے آج ہفتے سے جدہ شہر کی تمام مساجد میں با جماعت نماز پنجگانہ ادا کرنے پر پابندی عاید کرتے ہوئے مساجد کو صرف اذان کے لیے کھولنے کا حکم دیا ہے۔ جدہ کی مساجد میں نماز پر پابندی کرونا وائرس کے کیسزسامنے آنے کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر اختیار کی گئی ہے۔
کل جمعہ کے روز وزارت مذہبی امور کی طرف سے مساجد کی انتظامیہ کو ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے تیزی کے ساتھ پھیلائو کےپیش نظر 14 شوال 1441ھ کو پندرہ دن کے لیے مساجد سے صرف اذان کی جائے گی۔ جدہ گورنری کی تمام مساجد میں آئندہ پندرہ دن تک با جماعت نماز کی ادائی پر پابندی رہےگی۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں اڑھائی ماہ تک کرونا وائرس کی وجہ سے مساجد میں عبادت کی ادائی پرپابندی عاید رہی ہے۔ حال ہی میں مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کی مساجد میں مشروط طور پر نماز کی ادائی کی اجازت دی گئی ہے۔