فیصل آباد کورونا وائرس سے متاثرہ شہروں میں دسویں سے تیسرے نمبر پر آگیا
شہریوں کے غیر محتاط رویے کے باعث فیصل آباد پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ دسویں نمبر سے تیسرے نمبر پر آگیا ۔ ۔تفصیلات کے مطابق کورونا وبا نے فیصل آباد میں تباہی مچا رکھی ہے، وائرس سے اب تک 2000 سے زائد افراد متاثر ہوچکے جبکہ 50 سے زائد اموات ہوچکی ہیں ۔ طبی ماہرین کے مطابق رپورٹ نہ ہونے والے متاثرہ شہریوں کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے۔ضلعی انتظامیہ نے پاک فوج اور پنجاب پولیس کی مدد سے سے کورونا وائرس سے بچائو کے حفاظتی اقدامات نہ اٹھانے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں ، گھنٹہ گھر سے ملحقہ بازاروں اور مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی 300 سے زائد دکانیں سیل کر دی گئیں۔اس کے علاوہ پولیس نے جگہ جگہ پر ناکہ بندی کرلی جہاں پر فیس ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانے کرنے کے ساتھ مختلف سزائیں دی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کا کہنا ہے کہ وبا کو ابھی کنٹرول نہ کیا تو صورتحال اٹلی اور امریکہ کی طرح بگڑنے کا خدشہ ہے، شہری اور تاجر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔