کورونا ازخود نوٹس کیس: سندھ حکومت نے جواب جمع کرادیا
کورونا ازخود نوٹس کیس میں سندھ حکومت نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں تیرہ مئی سے تین جون کے درمیان کورونا سے انیس ہزار افراد متاثر ہوئے ،جن میں سے پانچ سو پچپن اموات ہوئیں۔ جواب میں بتایا گیا کہ ملک میں کورونا میں اضافے کے باوجود سندھ حکومت کے مؤثر اقدامات سے مریضوں کی صحت یابی میں بہتری دیکھی گئی،جہاں کورونا مریضوں کی صحتیابی کا تناسب 21 سے بڑھ کر 49 فیصد ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وائرس کے بڑھنے کے پیش نظرفیلڈ آئسولیشن سینٹرز اور ہسپتالوں کی گنجائش بڑھانے کا منصوبہ ہے، آئی سی یو بیڈز کی گنجائش 203 سے بڑھا کر 226 کردی ہے جبکہ اس وقت بھی 67 آئی سی یو بیڈز خالی ہیں۔ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روزانہ کی ٹیسٹنگ گنجائش بڑھ کر 8650 تک پہنچ چکی ہے،مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے اضافی میڈیکل اسٹاف کو بھرتی کیا گیا ہے،ان میں 1500 ڈاکٹرز اور 2382 نرسز شامل ہیں،اس کے علاوہ ڈاکٹرز اور میڈیکل عملے کیلئے 15 دن کے حفاظتی سامان کا اسٹاک یقینی بنایا گیا اور ڈاکٹرزو میڈیکل اسٹاف کے لئے ہیلتھ رسک الاؤنس منظور کیا جاچکا ہے