بلاول وقت نکال کر امریکی خاتون کے الزامات کا جواب دیں، خرم شیر زمان کا ردعمل
کراچی : پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے بلاول بھٹو کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کو وفاق نے جتنا سامان دیا وہ نجی اسپتالوں میں بیچا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے بھی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی نیوز کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بتاتے آر او پلانٹس کیوں بند ہیں، کتنی کرپشن ہوئی۔ خرم شیر زمان نے سوال اٹھایا کہ بہتر ہوتا کہ بلاول بتاتے کہ صوبے کا صحت اور تعلیم کا نظام کیوں تباہ ہے؟ پوری دنیا وزیر اعظم عمران خان کے اقدامات پر انہیں سراہ رہی ہے۔ انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو وقت نکال کر امریکی خاتون کے الزامات کا بھی جواب دیں۔ پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ٹڈی دل کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ حکومت کو فنڈز، ٹیمیں اور جہاز فراہم کیا جاچکا ہے۔