نسلی تعصب اور پولیس تشدد کے خلاف برطانیہ میں آج پھر احتجاج
لندن : سیاہ فام امریکی شہری کی ہلاکت کے خلاف برطانیہ میں بھی مظاہرے جاری، مظاہرین نے پارلیمنٹ کا گھیراوٗ کرلیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہریوں نے بھی امریکی پولیس افسران کے ہاھتوں بہیمانہ تشدد کے بعد موت کے منہ میں جانے والے سیاہ فام امریکی کی ہلاکت پر احتجاج شروع کردیا، مظاہرین نسلی تعصب کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے پارلیمنٹ اسکوائر پر اکٹھے ہوگئے۔ برطانوی شہریوں نے احتجاج کے دوران وزیر صحت اور لندن میٹروپولیٹن پولیس کی وارننگ بھی نظر انداز کردی، مظاہرین پارلیمنٹ اسکوائر کے گرد جمع ہوگئے اور نسلی تعصب اور پولیس تشدد کے خلاف شدید نعرے بازی کرنے لگے۔ برطانوی دارالحکومت کے ساتھ ساتھ مانچسٹر میں بھی احتجاج شروع ہوگیا ہے، مظاہروں میں ہررنگ و نسل کے افراد شریک ہیں جو پولیس تشدد اور سیاہ فام شہریوں سے برتے جارہے نسلی امتیاز کے خلاف نعرے بازی کررہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری مظاہروں کے مقامات پر تعینات کردی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار سے فوری نمٹا جاسکے۔