نیوکلیئرپروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں، غیر ضروری تبصروں سے گریز کیا جائے: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (جے سی ایس سی) جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو تمام سیاسی جماعتوں اور پاکستانی عوام کی حمایت حاصل ہے اور اس پر غیر ضروری اور بے بنیاد تبصروں سے گریز کیا جانا چاہیے.چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، جو کہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی (این سی اے) کے ڈپٹی چیئرمین بھی ہیں، نے اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالاجی کے انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (نِپس) میں ’علاقائی ماحولیات اور سلامتی کے تقاضے‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کیا جس میں ملک کے مختلف حصوں سے طلبا، ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں جنرل ندیم رضا نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی اپنی تمام سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ اسٹریٹجک پروگرام کے لیے ثابت قدم ہے۔انہوں نے مادر وطن کے دفاع اور ڈیٹرنس کے ضامن کے طور پر پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کی اہمیت پر زور دیا۔
جنرل ندیم رضا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی ناقابل تقسیم ہے اور یقین دلایا کہ پاکستان کسی بھی حالت میں اپنے جوہری پروگرام پر سمجھوتہ نہیں ہونے دے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُراعتماد اور ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے جو قابل اعتماد کم از کم ڈیٹرنس کے حدود میں مکمل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔