لوڈ شیڈنگ پر معذرت، کل سے دورانیہ کم ہو گا:شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے حکومت کی جانب سے لوڈشیڈنگ پر عوام سے معذرت کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کل سے لوڈ شیڈنگ صرف ساڑھے تین گھنٹے کی ہو گی۔شاہد خاقان عباسی نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر خرم دستگیر اور مصدق ملک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ پر جلد قابو پالیں گے، لوڈشیڈنگ کو کم کرکے کل سے ساڑھے 3 گھنٹے پر لے آئیں گے، 16 جون سے لوڈ شیڈنگ 3 گھنٹے سے بھی کم ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے، 4 ہزار میگاواٹ کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، 30 جون سے لوڈ شیڈنگ 2 گھنٹے سے بھی کم کر دی جائے گی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پچھلی حکومت نے 4 سال تک عوام سے جھوٹ بولا،سابق حکومت نے کوئی نیا پلانٹ نہیں لگایا،سابقہ حکومت نے ایل این جی کیلئے کوئی نیا سودا نہیں کیا، ہم نے بہانہ نہیں کرنا، عوام کی مشکلات میں کمی لانی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ ملک میں موجود ذرائع سے 18 ہزار میگا واٹ بجلی بن سکتی ہے لیکن بجلی کی طلب 25 ہزار میگاواٹ سے بڑھ چکی ہے، حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر ایک روپے ٹیکس نہیں لے رہی ہے۔