'پارٹی گیٹ' اسکینڈل کے بعد بورس جانسن کو عدم اعتماد کا سامنا

برطانیہ کی حکمراں جماعت کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کی بڑھتی ہوئی تعداد نے 'پارٹی گیٹ' اسکینڈل کے بعد برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے اختیارات پر سوال اٹھائے، جس کے بعد انہیں تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بورس جانسن نے اور ان کے عملے نے برطانوی دارالحکومت میں اس وقت شراب کی پارٹیاں منعقد کیں جب برطانیہ میں کووڈ 19 سے نمٹنے کے لیے سخت لاک ڈاؤن نافذ تھا، جس کے بعد سے برطانوی وزیراعظم پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
پیر کے روز انہیں جیسی نارمن کی بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جو سابق جونیئر وزیر اور کبھی بورس جانسن کے اتحادی رہ چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اقتدار میں رہنے نے ووٹروں اور پارٹی دونوں کی توہین کی۔